صدر کی جانب سے عید پر پنجاب کی جیلوں سے 310 قیدی رہا

صدر کی جانب سے عید پر پنجاب کی جیلوں سے 310 قیدی رہا

100دن کی سزا معافی پر پنجاب میں 7,734 اسیران مستفید ہونگے

لاہور( این این آئی)محکمہ داخلہ پنجاب نے عید پر رہا ہونے والے قیدیوں کی تفصیلات جاری کر دیں۔ صدر مملکت کی جانب سے سزا معافی کی بدولت پنجاب میں 310 قیدیوں نے رہائی پانے کے بعد اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عید منائی ۔ صدر مملکت کی جانب سے 100دن کی سزا معافی سے پنجاب میں مجموعی طور پر 7,734 اسیران مستفید ہوں گے ۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق ایک سال کے دوران 18,263 قیدیوں کو مختلف وجوہات کی بنا پر سزا میں معافی دی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ قیدیوں کو تعلیم حاصل کرنے ، اچھے کردار کے علاوہ صدر مملکت، سیکرٹری داخلہ اور آئی جی پریزن کی جانب سے بھی سزا میں معافی دی جاتی ہے ۔ یاد رہے کہ پریزن رولز کے مطابق سزا معافی کا حکم مخصوص قیدیوں پر لاگو ہوتا ہے ۔ جن جرائم میں سزا پانے والوں پر سزا معافی کا اطلاق نہیں ہوتا، ان میں دہشت گردی، فرقہ واریت، جاسوسی، بغاوت یا ریاست مخالف سرگرمی، قتل، زنا ، منشیات فروشی، ڈکیتی، اغوا کے مجرمان، مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدی شامل ہیں جن کو سزا میں معافی نہیں دی جاتی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں