پولیس: 1061 گینگز کے 2560 کارندے گرفتار
ملزمان کے قبضے سے 55 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد
لاہور(اے پی پی) عید کے ایام میں شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور امن و امان کو یقینی بنانے کیلئے پنجاب پولیس کی لاہور سمیت صوبہ بھر میں منظم جرائم پیشہ گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ رواں سال کے دوران صوبہ بھر میں کارروائیوں کے نتیجے میں 1061 منظم گینگز کے 2560 کارندوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے 55 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا مالِ مسروقہ برآمد کیا گیا۔مزید برآں ملزمان کے قبضے سے 54 کروڑ 30 لاکھ روپے نقدی، 74 گاڑیاں اور 1273 موٹر سائیکلیں بھی برآمد کی گئیں۔ اسی طرح 312 تولے سونا، 592 مویشی اور 1291 موبائل فونز بھی برآمد کیے گئے ۔ ترجمان مزید نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران اسلحہ کی بڑی مقدار بھی برآمد ہوئی جس میں 285 کلاشنکوف، 922 رائفلز، 7054 پسٹلز، 639 بندوقیں، 163 ریوالور اور 29 ہزار 970 گولیاں شامل ہیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف آپریشنز تیزی سے جاری رکھے جائیں۔