مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ میں یوم پاکستان کی تقریب
آج تجدید عہد وفا کا دن، شہداکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دینگے :مقررین
لاہور(سیاسی نمائندہ)مرکز ختم نبوت جامعہ عثمانیہ ختم نبوت چناب نگر میں یوم پاکستان کے حوالے سے پروقار و خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے تقریب سے خطاب کرتے ہو ئے کہا کہ ہمیں اپنی مسلح افواج پر فخر ہے اور ہم انکے شانہ بشانہ کھڑے ہیں آج تجدید عہد وفا کا دن ہے ۔ہم اپنے شہداکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے ۔مولانا شبیر عثمانی،مولانا خلیل احمد،مولانا قاسم عمار،مولانا محمود، مولانا قا ری سلمان عثمانی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کے نام سے الگ خطہ حاصل کرتے وقت مسلمانوں کو اپنی عزت وآبرو،مال ودولت اور گھربارکی جوقربانی دینی پڑی اس کی مثال تاریخ میں نہیں ملتی لیکن افسوس کہ ان قربانیوں کے اصل مقصد کونہ صرف فراموش کردیاگیابلکہ قائد اعظم کے فکر اور ویژن سے غداری بھی کی گئی۔حنیف مغل،مولانا یوسف،مولانا ابوبکر، قاری عبدالرحمان نے کہا کہ شہدا تحریک پاکستان کی قربانیوں کے تذکرے کے ساتھ ساتھ وطن عزیز کی اسلامی و دینی شناخت کو باور کرائیں اور فرقہ واریت اور طبقہ واریت سے نمٹنے کیلئے لوگوں میں شعور بیدار کریں، ۔ آج ہم سب کو تجدیدِ عہد کرنا چاہیے کہ ہم عملی طور پر پاکستان کو حقیقی اسلامی، فلاحی اور مثالی ریاست بنانے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔ عالمی استعمار اور اسکے گماشتوں نے ہمیشہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی ،پاکستان انشااللہ تا قیامت قا ئم و دائم رہے گا ملکی سالمیت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،پاکستان کی حفاظت اپنے ایمان کا جزو سمجھتے ہیں۔