مسلم لیگ (ق)کی یوم پاکستان کے حوالے سے پروقارتقریب
ملک کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے :ندیم پہلوان
لاہور (سیاسی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے زیرِ اہتمام 23 مارچ 1940 کی تاریخی قراردادِ پاکستان کی یاد میں پروقار تقریب ہوئی۔ تقریب کی صدارت صوبائی کوآرڈینیٹر وزارتِ صنعت و تجارت ندیم پہلوان نے کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ندیم پہلوان نے کہا23 مارچ 1940 وہ تاریخی دن ہے جب برصغیر کے مسلمانوں نے اپنی منزل کا تعین کیا۔ قائداعظمؒ، علامہ اقبالؒ اور تحریکِ پاکستان کے ہیروز کی قربانیاں ہمارا فخر ہیں۔ آج ہم قائدِ تحریک چودھری شجاعت حسین کی زیرِ قیادت مسلم لیگ (ق) کے پلیٹ فارم سے تجدیدِ عہد کرتے ہیں کہ ملک کی نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ پاک فوج وطن کی محافظ ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔تقریب میں قراردادیں متفقہ طور پر منظور کی گئیں۔ تحریکِ پاکستان کے اکابرین کی لازوال خدمات کو سلام پیش کیا گیا۔ دفاعِ وطن کے لیے افواجِ پاکستان کی قربانیوں پر مکمل اعتماد کا اظہار، ایران کے مظلوم عوام پر ہونے والے مظالم کی شدید مذمت اور ان کے ساتھ مکمل اظہارِ یکجہتی کیاگیا۔ ملک کی تعمیر و ترقی اور نظریاتی تشخص کے تحفظ کے لیے ہر ممکن جدوجہد کا اعادہ کیاگیا۔تقریب میں افتخار اعوان، ندیم پگاں والا، رانا مقصود، طارق مٹھو، وقاص، عبدالجبار، نوید پہلوان، سہیل بٹ، ناصر ہجرہ، ڈاکٹر زاہد قریشی، زین العابدین اور دیگر رہنماؤں نے شرکت کی۔ اختتام پر ملکی سلامتی اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔