حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر پرچم کشائی کی تقریب
صوفیا کی تعلیمات سے مقاصدِ قراردادِ پاکستان کا حصول ممکن ہوا:ڈاکٹر احسان
لاہور (سیاسی نمائندہ)سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے یومِ پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ عظیم دن ہمیں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں اور برصغیر کے مسلمانوں کی آزاد وطن کے حصول کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے ۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار حضرت داتا گنج بخشؒ کے مزار پر پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، ایڈمنسٹریٹر علی خان،خطیب داتا دربار،مولانا رمضان سیالوی انتظامیہ داتا دربار اور زائرین کی کثیر تعداد اس موقع پر موجود تھی۔ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا صوفیا کرام کی تعلیمات سے مقاصدِ قراردادِ پاکستان کا حصول ممکن ہوا ۔ اولیاکی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر معاشرے میں محبت، امن، رواداری اور انسانیت کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔ صوفیا کی تعلیمات بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دیتی ہیں، جو قومی یکجہتی اور ترقی کے لیے ناگزیر ہیں۔انہوں نے افسروں و عملے پر زور دیا کہ وہ زائرین کی خدمت خلوص نیت اور جذبہ خدمت کے ساتھ جاری رکھیں اور مزار پر بہترین سہولیات فراہمی کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ مزار پر صفائی، سکیورٹی اور زائرین کی سہولت کے جامع انتظامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ زائرین پرامن ماحول میں عبادات ادا کر سکیں۔ عوامی خدمت میں غفلت ہرگز برداشت نہیں کی جائیگی۔