ملکی نظام کے خدوخال قرآن وسنت سے استوار ہونے چاہئیں:اشرف جلالی
لاہور (سٹاف رپورٹر )تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ وتحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے یوم قرار داد پاکستان پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی اصل قوت اہل وطن کی نظریہ پاکستان سے غیر متز لزل وابستگی ہے ۔۔
قرارداد پاکستان کے اصولوں کو پس پشت ڈالنے سے پاکستان عدم استحکام کا شکار ہے ۔ نظام پاکستان کے خدوخال یورپ کی تقلید یا مغربی جمہوریت سے نہیں، قرآن وسنت اور خلافت راشدہ سے استوار ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہاپاکستان لاکھوں شہیدوں کے خون کی امانت اور غازیوں کی جدوجہد کی جاگیر ہے ۔ پاکستان راز فطرت، کرشمہ قدرت اور فیضان ختم نبوت ہے ۔ قیام پاکستان کی ایمانی تحریک کے اثرات انشا اللہ قیامت تک برقرار رہیں گے ۔ ملک کی جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے نظریاتی سرحدوں کی حفاظت ناگزیر ہے ۔ علاقائیت، لسانیت اور صوبائیت کے نعرے ملکی سالمیت کیلئے زہر قاتل ہیں۔