شاہراہوں،رہائشی علاقوں میں کھلے مین ہولز حادثات کا سبب

 شاہراہوں،رہائشی علاقوں میں کھلے مین ہولز حادثات کا سبب

شہر میں مسلسل پیش آنے والے حادثات کے باوجود منظم مافیا بدستور سرگرم

لاہور (سٹاف رپورٹر سے)لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں مین ہولز چوری کرنے والے منظم مافیا نے شہری نظام کو شدید خطرات سے دوچار کر رکھا ہے ۔ اہم شاہراہوں، رہائشی علاقوں اور تجارتی مراکز میں کھلے مین ہولز نہ صرف حادثات کا سبب بن رہے ہیں بلکہ متعدد شہری قیمتی جانوں سے بھی ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ادارہ جاتی سطح پر مختلف محکموں کو ذمہ داریاں سونپی گئیں، مگر مؤثر نتائج سامنے نہ آ سکے ۔واسا اور سپیشل برانچ کو مافیا کی نشاندہی اور ٹریکنگ کا ٹاسک دیا گیا تھا، تاہم اب تک اس حوالے سے واضح پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ اسی طرح اضلاع میں بھی مین ہولز کی نشاندہی اور فوری مرمت کے احکامات جاری ہوئے ، مگر عملدرآمد کی رفتار انتہائی سست رہی۔ شہریوں میں بڑھتی ہوئی تشویش اور مسلسل پیش آنے والے حادثات کے باوجود منظم مافیا بدستور سرگرم ہے ۔ دوسری جانب ریاستی اداروں کی مربوط کارروائی کا فقدان اس مسئلے کو مزید پیچیدہ بنا رہا ہے ۔بار بار کے اعلانات اور ہدایات کے باوجود صورتحال میں بہتری نہ آنا اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ مسئلے کے حل کے لیے صرف پالیسی نہیں بلکہ سخت اور فوری عملی اقدامات کی ضرورت ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں