پیکٹا :گریڈ فور کے طلبہ کیلئے بڑے پیمانے پر اسسمنٹ کا فیصلہ
صوبہ بھر کے منتخب سکولوں میں لارج سکیل اسسمنٹ 2026 کا انعقاد کیا جائیگا
لاہور(خبر نگار) پیکٹا نے گریڈ فور کے طلبہ کیلئے بڑے پیمانے پر اسسمنٹ لینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کا شیڈول بھی جاری کر دیا گیا ہے ۔پیکٹا کے مطابق صوبہ بھر کے منتخب سکولوں میں لارج سکیل اسسمنٹ دو ہزار چھبیس کا انعقاد کیا جائے گا۔شیڈول کے مطابق گیارہ مئی کو ریاضی، بارہ مئی کو اردو جبکہ تیرہ مئی کو انگلش کا امتحان لیا جائے گا۔چودہ مئی کو اردو اور انگلش کی مشترکہ اسسمنٹ ہوگی جس میں لسٹننگ، ریڈنگ اور سپیکنگ کی مہارتوں کا جائزہ لیا جائے گا۔اٹھارہ مئی کو سائنس کا امتحان منعقد ہوگا۔ تمام امتحانات کا دورانیہ ساڑھے تین گھنٹے مقرر کیا گیا ہے اور یہ امتحانات صبح کے اوقات میں لیے جائیں گے ۔یہ اسسمنٹ سرکاری، نجی اور سپیشل ایجوکیشن کے سکولوں سمیت مختلف تعلیمی اداروں کے زیر انتظام سکولوں میں منعقد ہوگی۔پیکٹا کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو شیڈول جاری کر دیا گیا ہے۔