ہسپتالوں کا صفائی نظام ستھرا پنجاب ایجنسی کو دینے کا فیصلہ
پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز سروسز ہسپتال سے کیا جائیگا،صفائی کامعیار بہترہوگا:ایم ایس
لاہور (بلال چودھری )پنجاب حکومت نے صوبے کے ٹرشری کیئر ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے اسے ستھرا پنجاب ایجنسی کے سپرد کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔ اس حوالے سے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز سروسز ہسپتال سے کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق سروسز ہسپتال انتظامیہ، ستھرا پنجاب اور محکمہ صحت سپیشلائزڈکے درمیان پلاننگ جاری ہے تاکہ منتقلی کے دوران مریضوں کو صفائی اور دیگر سہولیات میں دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ایم ایس سروسز ہسپتال نے بتایا کہ 30 جون تک موجودہ جینیٹوریل کمپنی ہی صفائی جاری رکھے گی اور جون کے بعد یہ ذمہ داری مکمل طور پر ستھرا پنجاب ایجنسی کو منتقل کر دی جائیگی۔ نئے نظام سے صفائی کے معیار اور سہولیات میں بہتری لائی جائیگی۔ اس وقت نجی کمپنی کے 150 ملازمین صفائی کررہے ہیں اورٹھیکہ تقریباً 11 کروڑ کا ہے جبکہ ماہانہ 88 لاکھ ادائیگی کی جاتی ہے ۔ڈاکٹر رانا خرم کا کہنا ہے کہ صفائی کا نظام ستھرا پنجاب کے سپرد ہونے سے نا صرف صفائی کا معیار بہتر ہوگا بلکہ شفافیت بھی یقینی بنائی جا سکے گی۔