امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بوکھلاہٹ کا شکار :شیعہ علما کونسل
دنیا کو معاشی بحران سے دوچار کرنے کا مقصد صرف اسرائیل کا تحفظ :قاسم علی قاسمی
لاہور (صباح نیوز) شیعہ علما کونسل پنجاب کے فوکل پرسن قاسم علی قاسمی نے کہا ہے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ بوکھلاہٹ کا شکار ہو چکے ہیں، سفارتی اور جنگی محاذ پر ایران کے ہاتھوں ہزیمت اٹھانے کے بعدبے بنیاد بیانات سے امریکی عوام کو بیوقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے ، تاکہ اپنی پشیمانی دور کرسکیں۔ پوری دنیا کو معاشی بحران سے دوچار کرنے اورجنگ میں دھکیلنے کا مقصد صرف اور صرف اسرائیل کا تحفظ اور بہادر اسلامی دفاعی قوت ایران کو سرنگوں کرنا ہے ۔
کارکنوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عرب ممالک کو سمجھنا چاہیے کہ امریکہ کی ترجیحات میں وہ نہیں بلکہ اسرائیل کا تحفظ ہے ۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے کا مطلب آزاد فلسطینی ریاست کے قیام اورقبلہ اول بیت المقدس کی آزادی کے مطالبے سے دستبرداری ہے ۔ ان کا کہنا تھا امریکہ سے خوفزدہ ہونے کی بجائے ، عرب ممالک کو ایران کا ساتھ دینا چاہیے ۔ اب تک ایرانی میزائلوں کی کارکردگی بتا رہی ہے کہ انشائاللہ دنیا سے باقی ماندہ امریکی اثر ورسوخ مکمل طور پر ختم ہو جائے گا، کیونکہ اس وقت عالمی سطح پر امریکہ رسوائی کا شکار ہے ، جس انداز سے ایران نے امریکا کی ٹھکائی کی ہے ، انشاء اللہ کافی عرصے تک اس کے لیے کافی ہوگی۔