پی ایچ اے :بہتر انتظامی کارکردگی کیلئے اصلاحات کاآغاز

پی ایچ اے :بہتر انتظامی کارکردگی کیلئے اصلاحات کاآغاز

پی ایچ ایز کے دائرہ اختیار میں دکانوں کے سائن بورڈ کی فیس وصولی ایکسائز کے سپرد

لاہور (سٹاف رپورٹر سے )پنجاب میں شہری خوبصورتی، ہارٹیکلچر نظام اور انتظامی کارکردگی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اصلاحات کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔ اس سلسلے میں وزیر ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب ہارٹیکلچر اتھارٹی کا دوسرا بورڈ اجلاس منعقد ہوا، جس میں متعدد اہم اور سٹرکچرل فیصلوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پی ایچ ایز کے دائرہ اختیار میں دکانوں کے سائن بورڈ کی فیس وصولی کا عمل محکمہ ایکسائز کے سپرد آؤٹ سورس کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے نہ صرف انتظامی بوجھ میں کمی آئے گی بلکہ فیس کلیکشن کے نظام میں بہتری بھی متوقع ہے ۔اجلاس میں نئی قائم شدہ ہارٹیکلچر ایجنسیوں کے لیے آپریشنل گاڑیوں کی ابتدائی منظوری بھی دے دی گئی، جس کا مقصد فیلڈ آپریشنز کو فعال بنانا اور سروس ڈلیوری کو بہتر کرنا ہے ۔کارکردگی، شفافیت، ریکارڈ مینجمنٹ اور مانیٹرنگ کو مؤثر بنانے کے لیے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے تعاون سے مرحلہ وار ڈیجیٹلائزیشن پروگرام شروع کرنے کی بھی منظوری دی گئی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں