وقف املاک بورڈ :مالی اور انتظامی معاملات میں اہم تبدیلیاں
سیکرٹری بورڈ عہدے سے مستعفی ٰ، چیف کنٹرولر آف اکاؤنٹس کوہٹادیاگیا
لاہور(خبر نگار )متروکہ وقف املاک بورڈ میں مالی اور انتظامی معاملات کے تناظر میں اہم انتظامی تبدیلیاں کی گئی ہیں جبکہ سیکرٹری بورڈ فرید اقبال اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق چیف کنٹرولر آف اکاؤنٹس عدیل احمد کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے جبکہ دونوں افسران کے دفاتر کو ریکارڈ محفوظ بنانے کیلئے سیل کر دیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر کی جانب سے بورڈ کو 340 ملین روپے ادائیگی کا نوٹس جاری کیے جانے کے بعد مالی معاملات کا دوبارہ جائزہ لیا گیا، جس پر بورڈ انتظامیہ نے متعدد انتظامی اقدامات کیے ۔ترجمان کے مطابق سیکرٹری بورڈ کا اضافی چارج ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز کو سونپ دیا گیا ہے جبکہ اکاؤنٹس شعبے کی ذمہ داریاں کنٹرولر آف اکاؤنٹس کے سپرد کر دی گئی ہیں۔ذرائع کے مطابق ملک بھر کے زونل دفاتر کو اکاؤنٹس سے متعلق ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ تعطیل کے روز بھی بورڈ دفاتر میں انتظامی امور جاری رہے ۔متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے تاحال ایف بی آر نوٹس اور انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے تفصیلی سرکاری مؤقف سامنے نہیں آیا۔