آئندہ وفاقی بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کو ترجیح دی جائے :فپواسا
ملک کی سرکاری جامعات اس وقت شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں :سیکرٹری کامران عابد
لاہور(خبر نگار) پاکستان اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن (فپواسا) کے صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر کامران عابد نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ وفاقی بجٹ میں اعلیٰ تعلیم کو قومی ترجیحات میں سرفہرست رکھا جائے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن سمیت سرکاری جامعات کے لیے مالی وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جائے ، انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ ملک کی سرکاری جامعات اس وقت شدید مالی دباؤ کا شکار ہیں جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، توانائی کے اخراجات میں اضافہ اور ناکافی فنڈنگ نے تدریسی، تحقیقی اور انتظامی امور کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اگر فوری طور پر اقدامات نہ کیے گئے تو اعلیٰ تعلیم کا نظام مزید کمزور ہو سکتا ہے ، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اعلیٰ تعلیم پر مجموعی قومی پیداوار کا صرف 1.7 فیصد خرچ کیا جا رہا ہے جو خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں انتہائی کم ہے اور عالمی سطح پر تعلیمی ترقی کے لیے تجویز کردہ 4 سے 5 فیصد ہدف سے بہت دور ہے ۔