معاشی ،سیاسی بحرانوں کا حل دین اسلام میں : مولانا امجد
اس وقت قوم میں اتحاد اور وحدت کی اشد ضرورت :ذمہ داران سے گفتگو
لاہور (سٹاف رپورٹر )پاکستان نازک موڑ پر کھڑا ہے ، ان حالات میں جب کہ ملک میں معاشی بحران کے ساتھ سیاسی بحران بھی آتا ہوا نظر آرہا ہے ،ان حالات میں قوم میں اتحاد اور وحدت کی اشد ضرورت ہے ۔جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ اس حوالے سے اپنا کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی یہ کردار جاری رہے گا۔ ملک کے معاشی سیاسی بحرانوں کا حل دین اسلام میں ہے ،اس کے بغیر مسائل کا حل ہونا ناممکن ہے ۔
پشین کے تاریخی جلسہ نے بلوچستان کی عوام کی امیدوں کا پیغام دیا ہے اور پاکستان کے خلاف ہونے والی سازشوں کے مقابلے کا اعلان کیا ہے۔ عظیم الشان اور تاریخی جلسہ نے ایک بڑا پیغام دیا ہے کہ دین اسلام اور ریاست کے خلاف کسی بھی سازش کو جے یو آئی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔یہ باتیں جے یوآئی کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا محمد امجد خان نے میڈیا اور پارٹی کے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوامی اجتماعات عوام کی جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمن اور جماعت سے محبت اور اعتماد کی بڑی واضح علامت ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایسے عوامی اجتماعات اسلام اور وطن کے خلاف سازشوں کا مؤثر جواب ہے ۔