گرمی بڑھتے ہی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ، شہری پریشان
گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول ،سسٹم اوور لوڈ ہونے سے تکنیکی خرابیوں کی بھرمار
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) گرمی کی شدت بڑھتے ہی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش میں اضافہ سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے ٹرپنگ کی شکایات بڑھ گئیں ،سسٹم اوور لوڈ ہونے سے تکنیکی خرابیوں کی بھرمار، لیسکو ریجن میں ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں ہوشربا اضافہ جبکہ دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث بھی متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا، ذرائع کے مطابق دیہی علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول ہے ، داروغہ والا، عامر روڈ، باٹا پور ،بھسین، گھرکی،چھاپہ گاؤں ،باغبانپورہ، شادی پورہ، بیدیاں روڈ،بھٹہ چوک، شاہدرہ،بادامی باغ، سمیت گنجان آباد علاقوں میں ٹرپنگ کا سامنا رہا، لیسکو کی بجلی کی طلب دن کے اوقات میں 3200 میگاواٹ سے تجاوز کر گئی جبکہ رات میں اوسط طلب 4 ہزار 5 سو میگاواٹ سے بھی زائد رہی، لیسکو کو طلب کے مطابق بجلی فراہم کی جارہی ہے ،یسکو کی جانب سے ہائی لاسز فیڈرز پر 4 سے 5 گھنٹے کی شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔