گرمی:لیسکو کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیرا علانیہ بندش
شالیمار، سلامت پورہ، والٹن، بھٹہ چوک،متہ،داروغہ والامیں بجلی کی آنکھ مچولی ہائی لاسز فیڈرز پر 4 سے 5 گھنٹے کی شیڈول لوڈ شیڈنگ ہورہی :لیسکو حکام
لاہور (اپنے کامرس رپورٹر سے ) پنجاب بھر میں شدید گرمی کی لہر نے بجلی کے ترسیلی نظام کو بھی متاثر کردیا، شدید گرم موسم میں لیسکو ریجن کے مختلف علاقوں میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کا سلسلہ جاری، شہری پریشان، شدید گرمی میں بجلی کا ترسیلی نظام متاثر، سسٹم اوور لوڈ ہونے سے ٹرانسفارمر جلنے کی شکایات میں اضافہ، ذرائع کے مطابق سسٹم پر لوڈ بڑھنے سے ٹرپنگ کی شکایات بھی بڑھ گئیں، تکنیکی خرابیوں کی بھرمارٹرانسفارمر جلنے سمیت دیگر تکنیکی خرابیوں کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ،دیہی علاقوں میں تکنیکی خرابیوں کے باعث گھنٹوں بجلی بند رہنا معمول، شالیمار، سلامت پورہ، والٹن، بھٹہ چوک، کاہنہ، گجومتہ،داروغہ والا، عامر روڈ، باٹا پور ،بھسین، شاہدرہ ،امامیہ کالونی ،راوی روڈ سمیت مختلف علاقوں میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری رہی، لیسکو کی بجلی کی طلب دن کے اوقات میں 3550 میگا واٹ سے تجاوز کر گئی، لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ لیسکو کو طلب سے زائد بجلی فراہم کی جارہی ہے ،لیسکو کی جانب سے ہائی لاسز فیڈرز پر 4 سے 5 گھنٹے کی شیڈول کے مطابق لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے ۔