ہاؤسنگ سیکٹر کو مکمل ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کی تیاری
ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی منظوری کیلئے تمام دستاویزات آن لائن جمع ہوں گی
لاہور (شیخ زین العابدین)لاہور میں ہاؤسنگ سیکٹر کو روایتی فائل کلچر سے نکال کر مکمل ڈیجیٹل نظام میں منتقل کرنے کی تیاری کر لی گئی ہے ۔ایل ڈی اے اور پیلرا نے ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی منظوری، خرید و فروخت اور ترقیاتی کاموں کی نگرانی کو آن لائن کرنے کا روڈ میپ تیار کر لیا ہے ۔منصوبے کا مقصد پراپرٹی مالکان کے حقوق کا تحفظ، سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنا اور فراڈ کے امکانات کم کرنا ہے ۔ذرائع کے مطابق ہاؤسنگ سیکٹر میں شفافیت لانے اور شہریوں کو دفاتر کے چکر لگانے سے بچانے کے لیے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور پنجاب لینڈ ریگولیٹری اتھارٹی نے مرحلہ وار ڈیجیٹل اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مجوزہ نظام کے تحت ہاؤسنگ سوسائٹیوں کی منظوری کے لیے درکار تمام دستاویزات آن لائن جمع ہوں گی جبکہ درخواستوں کی تفصیلات خودکار طریقے سے ریگولیٹر تک پہنچ جائیں گی۔ دوسرے مرحلے میں ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے ممبران، الاٹیز اور پلاٹوں کی خرید و فروخت کا مکمل ریکارڈ مرکزی نظام میں محفوظ کیا جائے گا۔ مکمل ادائیگی اور اقساط پر حاصل کیے گئے پلاٹس کا الگ الگ ڈیٹا دستیاب ہوگا ۔