سڑکوں پر بارشی پانی کے حل کے منصوبہ پر عملدرآمد نہ ہوا
پارکس اور گرین بیلٹس کو پانی جذب کرنے کے مراکز میں بدلناتھا
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )لاہور میں ہر سال مون سون کے دوران سڑکوں پر جمع ہونے والا پانی، نکاسی آب کے مسائل اور اربن فلڈنگ شہریوں کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے ۔ انہی چیلنجز سے نمٹنے اور زیر زمین پانی کی سطح بہتر بنانے کے لیے محکمہ ہاؤسنگ اور واسا نے ایک مشترکہ منصوبہ شروع کیا، جس کے تحت شہر کے پارکس اور گرین بیلٹس کو بارشی پانی جذب کرنے کے قدرتی مراکز میں تبدیل کیا جانا تھا۔منصوبے کے تحت لاہور کے 50 سے زائد پارکس اور 15 گرین بیلٹس کی نشاندہی کی گئی جہاں زمین کو گہرا کر کے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے اور اسے زیر زمین منتقل کرنے کے انتظامات کیے جانے تھے ۔ حکام کا دعویٰ تھا کہ اس اقدام سے ایک جانب اربن فلڈنگ کے خطرات کم ہوں گے جبکہ دوسری طرف گراؤنڈ واٹر لیول میں بہتری بھی آئے گی۔تاہم مون سون کی آمد کے قریب پہنچنے کے باوجود منصوبے پر پیش رفت توقعات کے مطابق نہیں ہو سکی۔ متعدد مقامات کے سروے مکمل ہونے کے باوجود بیشتر منتخب پارکس اور گرین بیلٹس پر عملی کام کا آغاز تاحال نہیں کیا جا سکا، جس کے باعث منصوبے کی رفتار پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔