واسا زکاقیام ، منصوبوں کے نظام کو ازسرنوترتیب دینے کافیصلہ
ماضی میں سکیموں کیلئے مختلف ادارے الگ الگ ذمہ داریاں ادا کرتے رہے
لاہور (سٹاف رپورٹر سے )صوبائی حکومت نے 41 اضلاع میں واسا کے قیام کے بعد ترقیاتی منصوبوں کے نظام کو ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کر لیا ہے ، جس کے تحت سیوریج اور واٹر سپلائی سے متعلق سکیموں کی منصوبہ بندی، تعمیر، نگرانی اور بعد از تکمیل آپریشنز ایک ہی ادارے کے سپرد کیے جائیں گے ۔ذرائع کے مطابق پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام فیز ٹو میں 25 اضلاع کو خصوصی اہمیت دی جا رہی ہے جہاں ترقیاتی منصوبوں کی براہِ راست ذمہ داری متعلقہ واساز کو سونپنے کی تجویز تیار کر لی گئی ہے ۔ اس نئے ماڈل کے تحت ترقیاتی عمل میں متعدد اداروں کی شمولیت کم کر کے اختیارات ایک ہی پلیٹ فارم پر مرکوز کیے جائیں گے ۔ماضی میں ترقیاتی سکیموں کے نفاذ کے لیے مختلف ادارے الگ الگ ذمہ داریاں ادا کرتے رہے ۔ لاہور ڈویلپمنٹ پروگرام کے دوران منصوبوں کی تیاری، تعمیر اور بعد ازاں آپریشن اینڈ مینٹی ننس مختلف محکموں اور ایجنسیوں کے درمیان تقسیم تھی۔ بعد ازاں محکمہ ہاؤسنگ نے منصوبوں کی نگرانی کے لیے علیحدہ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹس قائم کیے جبکہ متعدد اضلاع میں انفراسٹرکچر سکیمیں پی ایم ڈی ایف سی کے ذریعے مکمل کی جاتی رہیں۔