ڈیفنس موڑ ، ٹریفک روانی بہتر بنانے کیلئے منصوبے پر عمل شروع
ٹرننگ لین کی چوڑائی بڑھا کر 33فٹ کرنے پر ٹریفک کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا
لاہور(کرائم رپورٹر)چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی نے ڈیفنس موڑ پر ٹریفک کی روانی بہتر بنانے کیلئے جامع منصوبے پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا ۔سی ٹی او نے ڈیفنس موڑ کا متعدد بار دورہ کرنے کے بعد ٹریفک بہاؤ کو مؤثر بنانے کیلئے روڈ انجینئرنگ میں اہم تبدیلیوں کی سفارشات پیش کیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے ٹیپا اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈ کے سی ای اوز سے ملاقاتیں بھی کیں۔منصوبے کے تحت ڈیفنس موڑ پر ٹرننگ لین کی چوڑائی 22 فٹ سے بڑھا کر 33 فٹ کی جائیگی جس سے ٹریفک کی گنجائش میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ حکام کے مطابق مجوزہ تبدیلیوں کے بعد گاڑیوں کی گزرنے کی صلاحیت 6 ہزار سے بڑھ کر 9 ہزار گاڑیاں فی گھنٹہ تک پہنچ جائے گی۔سی ٹی او کا کہنا ہے کہ روڈ انجینئرنگ میں بہتری کے بعد اوسط رفتار 15سے 20کلومیٹر فی گھنٹہ سے بڑھ کر 40سے 45کلومیٹر گھنٹہ ہو جائے گی جبکہ گاڑیوں کی قطاروں کی لمبائی 400 سے 600 میٹر سے کم ہو کر 100 سے 150 میٹر رہ جائے گی۔ان اقدامات سے ماحولیاتی آلودگی میں بھی کمی آئے گی اور کاربن ڈائی آکسائیڈ کے یومیہ اخراج کو 6.4 ٹن سے کم کرکے 3.2 ٹن تک لانے میں مدد ملے گی۔