پینک بٹن نہ لگوانے والوں کیخلاف یکم جولائی سے کریک ڈاؤن
ہر ٹریفک سیکٹر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں:سی ٹی او عبدالرحیم شیرازی
لاہور(کرائم رپورٹر)سٹی ٹریفک پولیس نے عوامی تحفظ کے پیش نظر پبلک ٹرانسپورٹ، ٹیکسیوں، رکشوں اور آن لائن کیب سروسز میں کیو آر پینک بٹن اور دیگر جدید سکیورٹی فیچرز کی تنصیب یقینی بنانے کیلئے یکم جولائی کے بعد کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے ۔چیف ٹریفک آفیسر سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق تمام رکشہ یونینز، آن لائن کیب سروسز اور پبلک ٹرانسپورٹ آپریٹرز کو یکم جولائی تک کی مہلت دی گئی ہے ۔ مقررہ تاریخ کے بعد کیو آر پینک بٹن اور دیگر لازمی حفاظتی فیچرز نہ اپنانے والی گاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سی ٹی او نے بتایا کہ شہر کے 45 مختلف مقامات پر ٹریفک پولیس کی ٹیمیں کیو آر پینک بٹن کی تنصیب کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ہر ٹریفک سیکٹر میں خصوصی ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ رکشوں کے لیے 12 الگ ٹیمیں مختص کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ گاڑیوں میں یہ سہولت نصب کی جا سکے ۔انہوں نے کہا کہ مختلف رکشہ یونینز کی درخواست پر شہریوں کی سہولت کیلئے مزید چار نئے لائسنس سینٹرز بھی قائم کیے گئے ہیں۔ اب تک جاری مہم کے دوران 6ہزار سے زائد رکشوں میں کیو آر پینک بٹن نصب کیا جا چکا ہے۔