پنجاب اسمبلی:’’پاک چین دوستی‘‘ تصویری نمائش کا افتتاح
پاک چین تزویراتی شراکت خطے میں امن، ترقی کیلئے نہایت اہم :سپیکرملک احمدہماری دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی:چینی قونصل جنرل سن یان
لاہور(سٹاف رپورٹر،سیاسی نمائندہ) پاک چین سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر پنجاب اسمبلی میں سینئر فوٹوگرافر عامر خان کی تخلیق کردہ ’’پاک چین دوستی‘‘ کے عنوان سے تین روزہ تصویری نمائش کا باقاعدہ افتتاح سپیکر ملک محمد احمد خاں اور چین کے قونصل جنرل سن یان نے کر دیا۔ نمائش میں پاک چین دوستی، تاریخی تعلقات، سفارتی روابط، عوامی تعاون اور مشترکہ ترقی کے سفر کو نادر اور یادگار تصاویر کے ذریعے مؤثر انداز میں پیش کیا گیا، جسے شرکاء نے بے حد سراہا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاک چین دوستی باہمی اعتماد، احترام اور دیرینہ تعاون کی روشن مثال ہے ۔پاکستان اور چین کی تزویراتی شراکت داری خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کے فروغ کیلئے نہایت اہم ہے ۔چین کے قونصل جنرل سن یان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی ہر آزمائش میں مضبوط ثابت ہوئی ہے اور دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بڑھتے ہوئے روابط اور ثقافتی تبادلے مستقبل میں اس لازوال رشتے کو مزید مستحکم کریں گے ۔تقریب میں ینگ پارلیمنٹرینز فورم کی آمنہ حسن شیخ، حنا پرویز بٹ اور سارہ احمد سمیت چینی قونصل خانے کے افسران، اراکینِ اسمبلی، مختلف جامعات اور تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments