داتا دربار ـ:مالی بے ضابطگیوں پر 4افسروں کیخلاف انکوائری کاحکم
چاروں افسروں کو 7 یوم میں تحریری دفاع انکوائری افسر کو پیش کرنے کی ہدایت
لاہور(سیاسی نمائندہ)داتا دربار لاہور میں فارن کرنسی کے اندراج اور کیش بک میں بے ضابطگیوں پر چار افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کے لیے باقاعدہ انکوائری کا حکم دے دیا گیا۔ شاہد حمید، گلاب ارشاد، شیخ جمیل احمد اور طاہر مقصود کے خلاف مس کنڈکٹ، کرپشن اور خورد برد کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔ پنجاب فرانزک سائنس اتھارٹی کی فرانزک رپورٹ کے مطابق جولائی 2020 سے جون 2025 کے دوران 29 کیش کشادگیوں میں فارن کرنسی کے اندراج میں کٹنگ اور اوور رائٹنگ ثابت ہوئی، جبکہ امریکی ڈالرز اور برطانوی پاؤنڈز سمیت دیگر فارن کرنسی کے اندراجات میں بے ضابطگی کی نشاندہی کی گئی۔ الزام ہے کہ فارن کرنسی کے اندراج میں اعداد و شمار میں ردوبدل کرکے محکمہ کو مالی نقصان پہنچایا گیا۔ شاہد حمید سابق ایڈمنسٹریٹر اوقاف داتا دربار لاہور، گلاب ارشاد، شیخ جمیل احمد اور طاہر مقصود سابق منیجر اوقاف داتا دربار لاہور ہیں، جبکہ طاہر مقصود مس کنڈکٹ کے معاملے پر پہلے ہی برخاست کیے جا چکے ہیں۔ چاروں الزام علیہان کو احکامات کی وصولی کے سات یوم کے اندر اپنا تحریری دفاع انکوائری افسر کو پیش کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ، بصورت دیگر الزامات کو درست تسلیم کرنے کا تصور ہوگا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments