تعمیراتی ضوابط کا یکساں اطلاق،ریگولیشنز پر مشاورت تیز

تعمیراتی  ضوابط کا یکساں  اطلاق،ریگولیشنز  پر  مشاورت  تیز

پنجاب بھر میں عمارتوں کی تعمیر کے قوانین یکساں کرنیکی تیاری ، نئی بلڈنگ ریگولیشنز کا مسودہ تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھجوا دیاگیا 9ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے نئے قوانین پر شق وار آرا طلب ، دو ریمائنڈرز کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے جواب نہ مل سکا

لاہور(شیخ زین العابدین )لاہور سمیت پنجاب بھر میں عمارتوں کی تعمیر کے قوانین یکساں کرنے کی تیاری شروع کر دی گئی، حکومت نے نئے بلڈنگ ریگولیشنز کا مسودہ تمام ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو بھجوا دیا۔مجوزہ قوانین کے تحت عمارتوں کے نقشوں، بلڈنگ پلانز، کمرشلائزیشن اور تعمیراتی ضوابط کا صوبہ بھر میں یکساں اطلاق ہو سکے گا۔حکومت نے 9 ڈویلپمنٹ اتھارٹیز سے نئے قوانین پر شق وار آرا طلب کر لیں تاہم دو ریمائنڈرز کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے جواب موصول نہ ہو سکا۔دستاویزات کے مطابق پنجاب بھر میں تعمیراتی قوانین کے یکساں نفاذ کیلئے محکمہ ہاؤسنگ نے ڈرافٹ پنجاب بلڈنگ ریگولیشنز 2025 پر مشاورت کا عمل تیز کر دیا۔ پنجاب حکومت نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی، ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور بہاولپور سمیت 9 ڈویلپمنٹ اتھارٹیز کو مراسلہ ارسال کیا ہے ۔تمام اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ مجوزہ بلڈنگ ریگولیشنز کا اپنے موجودہ تعمیراتی قوانین سے تقابلی جائزہ لیا جائے ، ہر شق پر اپنی تجاویز اور جامع کمنٹس محکمہ ہاؤسنگ کو بھجوائے جائیں۔محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے اس سلسلے میں چودہ اکتوبر کو پہلا خط جاری کیا گیا، جواب موصول نہ ہونے پر بیس اکتوبر کو پہلا ریمائنڈر بھجوایا گیا، آرا سامنے نہ پرمحکمہ نے 30اکتوبر کو دوسرا ریمائنڈر جاری کرتے ہوئے معاملے کو انتہائی فوری اور ٹائم لمٹ کیس قرار دے دیا۔ایل ڈی اے میں حکومتی مراسلہ دو نومبر کو ڈی جی آفس اور چیف ٹاؤن پلانر آفس میں موصول ہوا، حتمی فیصلہ تمام متعلقہ اداروں کی تجاویز اور حکومتی منظوری کے بعد ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...