شہری اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج لائن بچھانے پر مجبور

 شہری اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج لائن بچھانے پر مجبور

سعید پارک میں سیوریج نہ ہونے سے مکینوں کو مشکلات کا سامنا تھا لوگ صبر سے کام لیں،بل سروے کے مطابق بھیج رہے ہیں:شوکت گوندل

شیخوپورہ (رانامحمدعثمان سے ) مختلف علاقوں میں شہری اپنی مدد آپ کے تحت سیوریج کی پائپ لائن بچھانے پر مجبور ہیں، واسا کی جانب سے بھاری بھرکم بل وصول کیے جا رہے ہیں۔سعید پارک کے رہائشی بنیادی سیوریج کی سہولت کے حصول کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت گلیوں میں سیوریج پائپ لائن بچھانے پر مجبور ہو گئے ، شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت رقم جمع کرکے پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کر دیا۔ علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف واسا کی جانب سے سیوریج کے بھاری بل باقاعدگی سے وصول کیے جا رہے ہیں جبکہ دوسری جانب گلیوں میں سیوریج کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے انہیں اپنی جیب سے رقم خرچ کرنا پڑ رہی ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق گلی میں سیوریج کا مناسب نظام نہ ہونے کے باعث انہیں طویل عرصے سے مشکلات کا سامنا ہے ۔ مسئلے کے مستقل حل کے لیے اہل علاقہ نے باہمی مشاورت سے اپنی مدد آپ کے تحت رقم اکٹھی کی، جس کے بعد سیوریج کی پائپ لائن بچھانے کا کام شروع کیا گیا۔ اس کام کے لیے نہ کوئی سرکاری انجینئر موقع پر موجود ہے اور نہ ہی کوئی باقاعدہ ٹیکنیکل ٹیم رہنمائی کر رہی ہے ،شہریوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ حکام سعید پارک کی صورتحال کا فوری نوٹس لیں، علاقے کا سروے کرایا جائے اور سیوریج کے مسائل کا مستقل حل نکالا جائے ۔۔ایم ڈی واسا شوکت گوندل نے بتایا کہ ابھی دیکھیں گے کہ یہ علاقے پلان میں ہیں کہ نہیں اور 2028 تک یہ پلان مکمل کرنا ہے لوگ صبر سے کام لیں۔ بل اپنے سروے کے مطابق ہی بھیج رہے ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...