نہم سے بارہویں جماعت تک سمارٹ سلیبس جاری

نہم سے بارہویں  جماعت تک سمارٹ سلیبس جاری

پیکٹا کے تحت میٹرک ، انٹرمیڈیٹ کے آئندہ سالانہ بورڈ امتحانات سمارٹ سلیبس کے تحت لیے جائینگے ، بعض مضامین کا سمارٹ سلیبس تاحال جاری نہ ہوسکاطلبہ ، اساتذہ کیلئے امتحانی تیاریوں میں مشکلات کاخدشہ،پہلی سے پانچویں تک نصاب تبدیل کرنیکی تیاریاں بھی تیز ، 30کتابوں کی اشاعت پرمشاورت شروع

لاہور(خبر نگار)پنجاب میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے آئندہ سالانہ بورڈ امتحانات سمارٹ سلیبس کے تحت لیے جائینگے ۔ پنجاب ایجوکیشن کریکولم ٹریننگ اینڈ اسیسمنٹ اتھارٹی (پیکٹا)نے نہم سے بارہویں جماعت تک کیلئے سمارٹ سلیبس جاری کردیا ہے ۔ پہلے مرحلے میں نہم اور گیارہویں جماعت کا سمارٹ سلیبس جاری کیا گیا تھا جبکہ دوسرے مرحلے میں دسویں اور بارہویں جماعت کا سلیبس بھی جاری کردیا گیا ہے ۔ تاہم بعض مضامین کا سمارٹ سلیبس تاحال جاری نہیں ہوسکا۔پنجاب کے تعلیمی بورڈز کے آئندہ سالانہ امتحانات کیلئے سمارٹ سلیبس کی تیاری مکمل کرنے کا عمل آگے بڑھ گیا۔ پیکٹا نے پہلے مرحلے میں نہم اور گیارہویں جماعت کا سمارٹ سلیبس جاری کیا، جس کے بعد دوسرے مرحلے میں میٹرک اور بارہویں جماعت کے لیے بھی سمارٹ سلیبس جاری کردیا گیا ہے ۔

نئے سمارٹ سلیبس میں کمپیوٹر سائنس اور مسیحی طلبہ کیلئے متعلقہ سلیبس بھی شامل ہے ، جبکہ میٹرک ٹیکنیکل کا سمارٹ سلیبس بھی جاری کردیا گیا ہے ۔تاہم میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کی ترجمتہ القرآن اور اخلاقیات کی کتابوں کا سمارٹ سلیبس تاحال جاری نہیں کیا جاسکا۔ مختلف مضامین کے نصاب میں 25 سے 30 فیصد کمی کی گئی۔ ان مضامین کے سلیبس کی عدم دستیابی سے طلبہ اور اساتذہ کو مکمل امتحانی تیاریوں کے حوالے سے مشکلات کا سامنا ہوسکتا ہے ۔پیکٹا کی جانب سے جاری کردہ سمارٹ سلیبس آئندہ سالانہ بورڈ امتحانات کے لیے بنیاد ہوگا۔ طلبہ کو امتحانات کی تیاری نئے سلیبس کے مطابق کرنا ہوگی۔ پیکٹاترجمان کے مطابق طلبہ کی تعلیمی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے سمارٹ سلیبس تیار کیا جا رہا ہے ، جس کا مقصد انہیں آئندہ سال ہونیوالے بورڈ امتحانات کی تیاری میں آسانی فراہم کرنا ہے ۔

سمارٹ سلیبس کے ذریعے طلبا کو امتحانات کی تیاری کیلئے زیادہ منظم انداز میں رہنمائی مل سکے گی جبکہ انہیں اہم نصابی مواد پر توجہ مرکوز کرنے میں بھی مدد ملے گی۔دریں اثنا پنجاب میں نئے تعلیمی سال کیلئے پہلی سے پانچویں جماعت تک کا نصاب تبدیل کرنے کی تیاریاں بھی تیز کردی گئیں۔ پیکٹا نے نئے نصاب کے مطابق 30 کتابوں کی اشاعت کیلئے پبلشرز سے مشاورت شروع کردی تاہم نیا تعلیمی سال شروع ہونے میں صرف تین ماہ باقی رہ گئے ہیں۔ پبلشرز نے کتابوں کی بروقت اشاعت کیلئے نصاب کے مسودے فوری فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ۔ سرکاری سکولوں میں نئے تعلیمی سال سے پہلی سے پانچویں تک طلبہ کو نئے نصاب کے مطابق کتابیں پڑھائی جائینگی۔ پیکٹا نے 30 کتابوں کی تیاری اور اشاعت کا کام تیز کردیا ہے ، مختلف مضامین کے نصاب کے مسودے تیار کرنے کیلئے پبلشرز کے ساتھ مشاورتی اجلاس شروع کردیئے گئے ہیں۔منصوبے کے تحت پہلے مختلف مضامین کے مسودے تیار کیے جائینگے ، جسکے بعد کتابوں کی پروف ریڈنگ اور منظوری کا مرحلہ مکمل کرکے انہیں چھپائی کیلئے بھیجا جائے گا۔آئندہ تعلیمی سال کیلئے اسلامیات اور اخلاقیات کی کتابوں میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی جبکہ دیگر مضامین کی کتابیں نئے نصاب کے مطابق تیار ہوں گی۔دوسری جانب پبلشرز کا کہنا ہے کہ نیا تعلیمی سال شروع ہونے میں صرف تین ماہ باقی ہیں، نجی سکولوں میں تعلیمی سال جنوری سے شروع ہوجاتا ہے ، اس لیے کتابوں کی بروقت اشاعت کے لیے نصاب کے مسودے فوری فراہم کرنا ضروری ہیں جبکہ پیکٹا حکام کا دعویٰ ہے کہ نئے تعلیمی سال کے آغاز سے قبل پہلی سے پانچویں تک کا نیا نصاب مارکیٹ میں دستیاب ہوگا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...