25سوسائٹیزکوروڈ سیفٹی ،سکیورٹی انتظامات کیلئے مراسلے ارسال
لاہور (کرائم رپورٹر)سی ٹی او لاہور عبدالرحیم شیرازی نے شہر کی 25نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں ٹریفک مینجمنٹ، روڈ سیفٹی اور سکیورٹی کے مؤثر انتظامات یقینی بنانے کیلئے انتظامیہ کو مراسلے جاری کر دیئے ۔۔۔
مراسلوں میں ہدایت کی گئی ہے کہ سوسائٹیز کے اندر گاڑیوں اور پیدل چلنے والوں کی محفوظ نقل و حرکت کیلئے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں۔سی ٹی او نے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی پرائیویٹ ہاؤسنگ سکیمز رولز 2014 کے رول 54 کا حوالہ دیتے واضح کیا گیا ہے کہ سوسائٹیز انتظامیہ اپنے زیرانتظام اندرونی سڑکوں، مشترکہ مقامات اور داخلی و خارجی راستوں کی دیکھ بھال اور ٹریفک مینجمنٹ کی ذمہ دار ہے ۔ رول 54(3)(a) کے تحت سوسائٹیز میں مناسب سکیورٹی انتظامات کرنا بھی انتظامیہ کی ذمہ داری ہے ۔ ٹریفک روانی برقرار رکھنے کیلئے مناسب سائن بورڈز، روڈ مارکنگ اور لین ڈسپلن یقینی بنایا جائے ، سوسائٹیز کے اندر گاڑیوں کی رفتار کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔ داخلی و خارجی راستوں پر ٹریفک مینجمنٹ اور سکیورٹی کا مناسب نظام قائم کرنے کیساتھ ساتھ حادثات کے ممکنہ خطرات والے مقامات کی نشاندہی کرکے فوری اصلاحی اقدامات بھی کیے جائیں۔ رش کے اوقات اور خصوصی تقریبات کے دوران ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے لیے خصوصی انتظامات کرنے اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے سلسلے میں سٹی ٹریفک پولیس لاہور سے رابطہ اور تعاون یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے ۔سی ٹی او کے مطابق ان اقدامات کا بنیادی مقصد شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور محفوظ ٹریفک ماحول کا قیام یقینی بناناہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments