میپکو،زرعی ٹیوب ویل نادہندگان سے موجودہ بل،بقایاجات وصول کرنے کا حکم

میپکو،زرعی ٹیوب ویل نادہندگان سے موجودہ بل،بقایاجات وصول کرنے کا حکم

ملتان (خصوصی رپورٹر)چیف انجینئر کسٹمرسروسز میپکو سید جواد منصور شاہ نے کہا ہے کہ زرعی ٹیوب ویل نادہندگان سمیت تمام کیٹگریز کے ڈیفالٹرز سے رننگ بل اور سابقہ بقایاجات وصول کئے جائیں اور ہر افسر دیاگیا ٹارگٹ حاصل کرے ۔

مستقل نادہندگان کے کنکشنز کی از سر نو چیکنگ کی جائے اور کسی بھی علاقہ میں مستقل نادہندہ کی بجلی چلتی ہوئی پائی گئی تو متعلقہ ایس ڈی او اور اہلکاروں کے خلاف سخت محکمانہ ایکشن لیاجائے ۔ مستقل نادہندگان سے واجب الاد ا رقوم وصول کرنے کے لئے لینڈ ریونیو ایکٹ 1967ء کے تحت کاروائی کی جائے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولپور، ساہیوال سرکلوں، بوریوالہ ڈویژن کے افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ چیف ایگزیکٹو آفیسر میپکو انجینئر رانا محمد ایوب خان کی ہدایات کی روشنی میں صارفین کی شکایات کے فوری ازالے ، نئے کنکشنوں کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ میپکو ریجن میں 18اپریل 2024ء تک گھریلو اور کمرشل سنگل فیز کنکشنوں کی فراہمی کے لئے میٹریل فراہم کردیاگیاہے ۔ تمام ایکسین اور ایس ڈی اوز متعلقہ سٹورز سے میٹریل حاصل کرکے تین روز میں نئے کنکشنز نصب کرکے رپورٹ ہیڈ کوارٹر بھجوائیں۔ صارفین کی شکایات کے اندراج و ازالے میں کسی قسم کی کوتاہی ناقابل برداشت ہے ۔ کسٹمرسروسز سنٹرز اور کسٹمرکمپلینٹ سنٹر زمیں مستعد اور بااخلاق عملہ تعینات کیاجائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ لائن لاسز کی شرح میں کمی کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔ بجلی چوروں کے خلاف منظم اور بھرپور آپریشن کیاجائے ۔ بجلی چوروں کو عائد کردہ جرمانے وصول کرکے خزانے میں جمع کروائے جائیں اور ان کے خلاف مقدمات کا اندراج کروا کر گرفتاریاں کروائی جائیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں