نمائشی میچ، کنیئرڈ کالج نے ایل پی پی ترین کرکٹ اکیڈمی کو ہرا دیا

نمائشی میچ، کنیئرڈ کالج نے ایل پی پی ترین کرکٹ اکیڈمی کو ہرا دیا

لودھراں (سٹی رپورٹر )ایل پی پی ترین کرکٹ اکیڈمی اور کنیئرڈ کالج لاہور کی ویمن کرکٹ ٹیموں کے درمیان نمائشی میچ کھیلا گیا ۔ کنیئرڈ کالج لاہور کی ٹیم نے 7 وکٹوں سے میچ میں فتح حاصل کی۔

میچ کے دوران امریکی قونصلیٹ سے ڈپٹی چیف آف مشن اینڈریو شوفر، امریکی قونصل جنرل لاہور کرسٹن ہاکنز، امریکی قونصل جنرل پشاور شانتی مورے ، امریکی قونصل جنرل کراچی کونراڈ ٹریبل، لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے صدر علی خان ترین، لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور اور کنیئرڈ کالج انتظامیہ نے شرکت کی۔ میچ کے دوران سماجی تنظیم لودھراں پائلٹ پراجیکٹ کے زیر اہتمام جنوبی پنجاب ویمنز چیمپینز لیگ 2024 کی ٹرافی کی رونمائی بھی کی گئی۔ ڈپٹی چیف آف مشن مسٹر اینڈریو شوفر نے کہا کہ میں خواتین کرکٹرز کی صلاحیتوں اور جذبے سے بہت متاثر ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024 کی میزبانی کی بھرپور تیاری کررہا ہے ۔ ایل پی پی کے صدر اور ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے کہا کہ جنوبی پنجاب ویمنز چیمپینز لیگ سے خواتین کی کرکٹ کو فروغ ملے گا ۔ہم خطے میں خواتین کھلاڑیوں کی کامیابیوں کو تسلیم کرنے اور نئے ٹیلنٹ کو آگے لانے میں اپنا کردار نبھاتے رہیں گے ۔ ہم خواتین کرکٹ کو بھرپور سپورٹ فراہم کرنے اور خاص طور پر جنوبی پنجاب میں خواتین کے لئے محفوظ کھیلوں کی جگہیں بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ سماجی تنظیم ایل پی پی کے سی ای او ڈاکٹر عبدالصبور نے کہا کہ ہم خواتین کے اس نمائشی میچ کی میزبانی کرنے اور جنوبی پنجاب ویمنز چیمپینز لیگ 2024 کی ٹرافی کی نقاب کشائی کرنے پر بہت پرجوش ہیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں