سرکاری سکولوں میں بچے اور بچیاں صاف پانی سے محروم

سرکاری سکولوں میں بچے اور بچیاں صاف پانی سے محروم

خانیوال(ڈسٹرکٹ رپورٹر ،نامہ نگار)سرکاری اداروں میں زیر تعلیم بچے اور بچیاں صاف پانی سے محروم، سکولوں میں پانی کی ٹینکیاں انتہائی گندی اور زنگ آلود ہونے کے باعث بچے بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ۔

 سینکڑوں طلباء و طالبات گھروں سے پانی لانے پر مجبور،والدین کا سی ای او محکمہ تعلیم سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق خانیوال شہر و گردونواح میں قائم سرکاری سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کے باعث سکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات ناقص و مضر صحت پانی استعمال کرنے پر مجبور سکولوں کے طلباء کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ سکولوں میں نصب پانی کی ٹینکیاں اور پائپ لائنوں میں کائی اور زنگ جم چکا ہے جس سے گزر کر آنے والا پانی استعمال کے قابل نہیں جبکہ سکولوں میں نصب کی گئی ٹینکیوں کی بھی صفائی کا کوئی معقول انتظام نہ ہونے سے انتہائی ناقص اور آلودہ پانی بچے استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔جس کے باعث متعدد بچے بیماریوں میں مبتلا ہو رہے ہیں۔، جبکہ اندرون شہر میں واقع سکولوں کی انتظامیہ طلباء و طالبات کو پانی گھروں سے لانے کی ہدایت کر تے ہیں، سکولوں میں زیر تعلیم طلباء و طالبات کے والدین نے ڈپٹی کمشنر خانیوال، سی ای او محکمہ تعلیم سے مطالبہ کیا ہے کہ سکولوں میں پانی کی ٹینکیوں اور پائپ لائنوں کی تبدیلی کے احکامات جاری کئے جائیں اورضلع بھر میں زیر تعلیم ہزاروں طلباء و طالبات کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے تاکہ بچے بیماریوں سے محفوظ رہ سکیں۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں