تجاوزات خاتمے کا عدالتی حکم خوش آئند، ظفر صدیقی

تجاوزات خاتمے کا عدالتی حکم خوش آئند، ظفر صدیقی

ملتان (لیڈی رپورٹر ) سپریم کورٹ کی جانب سے وفاقی وصوبائی حکومتوں کو 3دن میں تجاوزات خاتمہ کا حکم خوش آئند ہے ، چیمبر آف سمال ٹریڈرز ہر ممکن تعاون کے لیے تیار ہے اور چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ کے احکامات پر فوری عمل در آمد ہو۔

 محکمہ ایکسائز کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں اضافہ قبول نہیں ،حکومت پنجاب فیصلہ پرنظر ثانی کرے ۔ان خیالات کا اظہار چیمبر آف سمال ٹریڈرز ملتان شہر،ضلع ملتان اور جنوبی پنجاب کے عہدیداروں ظفر اقبال صدیقی،احتشام الحق، چودھری طارق کریم،شیخ عامر سلیم،مرزا اعجاز علی،شیخ طاہر امجد،خواجہ عمار یاسر،خواجہ یاسر اشفاق، عزیزالرحمن انصاری ودیگر نے مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری پہلے ہی تجاوزات خاتمہ کی خواہاں ہے اور چاہتے ہیں کہ شہر صاف ستھرا ہو اور ہماری شاہراہیں،بازار کشادہ ہوں جس سے ٹریفک بہاؤ میں بہتری آئے اور پیدل چلنے والوں کو آسانی ہو۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز نے ہمیشہ تجاوزات کی مخالفت کی ہے اور تجاوزات کے خاتمہ کے لیے انتظامیہ سے تعاون کیا ہے انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ تجاوزات قائم ہونے کی وجوہات کا خاتمہ کیا جائے جس میں محکمہ کے اہلکار بھی شامل ہیں اور فوری طور پر پولیس کو تجاوزات کے خاتمہ کے اختیارات دے دئیے جائیں انہوں نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے پراپرٹی ٹیکس کی شرح میں اضافے کو بھی مستر دکرتے ہوئے اسے ہوشرباء مہنگائی کے دور میں سراسر ذیادتی قرار دیا ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں