حکمران ریلیف میں ناکام، گھیرائو کریں گے ، رائو محمد ظفر

حکمران ریلیف میں ناکام، گھیرائو کریں گے ، رائو محمد ظفر

ملتان(خبرنگارخصوصی)امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب رائو محمد ظفر نے کہا ہے کہ پاکستان کسی کے باپ کی جاگیر نہیں حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام رہی اب ان کا گھیرائو عوام کریں گے ۔

حکومت گندم کی خریداری میں لیت و لعل سے کام لے رہی چچا کہتے گندم خریدو بھتیجی کہتی‘‘ میں نا مانوں ’’یہ کیسا نظام ہے کہ ایک خاندان میں اتنی تقسیم اسی لیے جماعت اسلامی ان پارٹیوں کو فیملی لمیٹڈ پارٹی کہتی ہے ۔ جماعت اسلامی ملتان کے زیر اہتمام کسانوں سے یکجہتی کے لیے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی 25 کروڑ عوام کے ساتھ ہیں جماعت اسلامی کا اتحاد ملک کے پسے ہوئے مظلوم طبقہ سے ہوچکا ہے ۔ ہم ملک کو ایک ایسا نظام دینا چاہتے ہیں کہ جس کے ذریعے پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہوسکے ۔ رائو محمد ظفر نے مزید کہا کہ ملک میں 76 سالوں سے ظالمانہ نظام رائج ہے کبھی ان خاندانوں کو نقصان نہیں ان کی ملیں چلتی ہیں جو کھاد بناتی ہیں وہاں کھاد پر سبسڈی دیکر انہیں فائدہ پہنچایا جاتا ہے اور جب کسان کو کھاد کی ضرورت ہوتی ہے ملک کی بیوروکریسی انہی خاندانوں کی رکھوالی کرتی ہے اور کھاد کسان کو مہنگے ریٹس پر ملتی ہے ۔ڈیزل کی قیمتیں حکومت طے کرتی ہے جس کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرتی ہیں لیکن گندم کو کم از کم ریٹ پر خریدنے کے لیے بھی حکومت تیار نہیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی ملتان ڈاکٹر صفدر ہاشمی، سیکرٹری صوبہ جنوبی پنجاب صہیب عمار صدیقی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں