فنڈز کی قلت،تیسری ڈیڈ لائن گزر گئی،میوزیم کی تعمیر کا منصوبہ التوا کا شکار

فنڈز  کی  قلت،تیسری  ڈیڈ لائن  گزر  گئی،میوزیم  کی  تعمیر  کا  منصوبہ التوا کا شکار

ملتان (زینب گردیزی سے )ملتان میں فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث تین مرتبہ ڈیڈ لائن گزرنے کے باوجود میوزیم کا تعمیری منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا جس سے منصوبے کے تخمینہ میں بھی 2کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ہو گیا ہے ۔۔۔

تفصیلات کے مطابق ملتان میں گھنٹہ گھر کے نزدیک 3سال پہلے میوزیم کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا گیا جس کا تخمینہ لاگت 6کروڑ 60لاکھ روپے لگا کر حکومت نے ابتدا میں 2کروڑ 70لاکھ روپے جاری کئے جس سے منصوبے کو مقررہ مدت میں پورا نہ کیا جا سکااور موجودہ صورتحال میں فنڈز کی فراہمی میں تعطل کے باعث منصوبے کے تخمینہ لاگت میں بھی 2کروڑ روپے کا اضافہ ہو گیا ہے جس سے منصوبے کو آئندہ سال جنوری کی ڈیڈ لائن میں پورا کرنا مشکل ہوگیا ہے ۔ شہریوں نے حکام بالا سے جلد سے جلد تعمیر مکمل کرنے کا مطالبہ کیا ہے اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کا موقف ہے کہ منصوبے کا نیا تخمینہ لاگت 8 کروڑ 60 لاکھ تک ہے جسکے لئے گزشتہ سال بھی 40 ملین جاری کئے گئے جس سے منصوبے پر مجموعی طور پر 6 کروڑ 70 لاکھ روپے خرچ ہونے کے باوجود تاحال 78 فیصد کام ہوچکا ہے لیکن اضافی رقم نہ ملنے کے باعث ٹھیکیداروں نے کام ٹھپ کر دیا ہے تاہم کام دوبارہ شروع کرنے کیلئے کاوشیں کر رہے ہیں۔دوسری جانب میوزیم کامنصوبہ مکمل نہ ہونے سے تاریخی ورثے کو پہلے گھنٹہ گھر اور موجودہ صورتحال میں دمدمہ منتقل کیا گیا ہے جس سے نوادرات کے چوری ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔

 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں