105لٹر ملاوٹی دودھ، غیر معیاری سوڈا واٹر تلف

105لٹر ملاوٹی دودھ، غیر معیاری سوڈا واٹر تلف

ملتان (لیڈی رپورٹر )پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ملتان، خانیوال، لودھراں اور وہاڑی میں کارروائیاں جاری، فوڈ سیفٹی ٹیموں کی آئس فیکٹریز، ملک شاپس، ہوٹلز، سویٹس اینڈ بیکرز سمیت متعدد فوڈ پوائنٹس کی انسپکشن، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد، 105 لٹر ملاوٹی دودھ، 20 لٹر غیر معیاری سوڈا واٹر اور 6 کلو ممنوعہ اجزاء تلف۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ملاوٹ کے خاتمے کے لیے بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔ تفصیلات کے مطابق چونگی نمبر 14 پٹھان والی ٹال کے قریب آئس فیکٹری کو برف کے بلاکس میں ذرات پائے جانے ، فنگس زدہ واٹر پائپس کا استعمال کرنے پر 20 ہزار، گھانگلہ چوک پر ملک شاپ کو دودھ میں فیٹ اور قدرتی غذائیت کی کمی پائے جانے پر 15 ہزار، گلستان چوک پر نان شاپ کو صفائی کے انتہائی ناقص انتظامات پر 15 ہزار جبکہ علی ٹاؤن میں بیکری کو فریزر میں ایکسپائرڈ اشیاء کی موجودگی، خوراک کی تیاری میں ناقابل سراغ فلیورز کا استعمال کرنے پر 15 ہزار اور ڈی بلاک جنرل بس سٹینڈ کے قریب ہوٹل کو آلودہ جگہ پر فوڈ سٹوریج، کچن ایریا میں حشرات کی بھرمار پر 18 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اسی طرح بی 20 گلگشت میں فاسٹ فوڈ پوائنٹ کو ایکسپائری فوڈ آئٹمز کی موجودگی اور آئل تبدیلی ریکارڈ نہ ہونے پر 25 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔ اس کے علاوہ چوک فاروق اعظم میں ڈیری شاپ کو غیر معیاری دودھ فروخت کرنے جبکہ بلاک 6 جہانیاں میں فوڈ مینوفیکچرنگ یونٹ کو پروڈکٹس کی تیاری میں ناقابل سراغ اجزاء کی ملاوٹ کرنے پر 15، 15 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں