انسداد ڈینگی اقدامات میں تیزی،بھرپور سرویلنس مہم چلانے کا حکم

انسداد ڈینگی اقدامات میں تیزی،بھرپور سرویلنس مہم چلانے کا حکم

ملتان(وقائع نگار خصوصی)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے بارشوں کے موسم میں انسداد ڈینگی اقدامات میں تیزی لانے کا حکم دیا ہے۔

 اس سلسلے میں انہوں نے ضلعی محکموں کو ڈینگی لاروا کی تلفی کیلئے بھرپور سرویلنس مہم چلانے کا ٹاسک بھی دیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز انسداد ڈینگی مہم بارے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد سیف نے ڈینگی مہم کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ ڈینگی لاروا ملنے پر کمرشل عمارات اور پلازوں کو سربمہر کیا جائے گا جبکہ مقدمات بھی درج کئے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ڈینگی مہم میں غفلت برتنے والے محکموں کے افسروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت کی کہ گھروں اور دفاتر سمیت کمرشل عمارات میں بھرپور سکریننگ کے ذریعے لاروا تلفی کرائی جائے جبکہ ڈینگی کے حوالے سے حفاظتی انتظامات نہ کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کرائے جائیں گے ۔علاوہ ازیں وسیم حامد سندھو کی سربراہی میں گراں فروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف بھرپور مہم جاری ہے اس سلسلے میں ضلعی افسر وں کے روزانہ کی بنیاد پر منڈیوں کے وزٹس کا سلسلہ بھی جاری ہے ۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے گزشتہ روز سبزی منڈی کا دورہ کیا اور اشیاء خوردونوش کے ریٹس کا جائزہ لیا اور نیلامی چیک کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں