تجاوزات کیخلاف آپریشن ،پلازہ مالک پولیس افسر کی دھمکیاں
مظفرگڑھ(سٹی رپورٹر)میونسپل کمیٹی کے اینٹی انکروچمنٹ عملے نے تجاوزات کیخلاف آپریشن کی کوشش کی۔
،اس دوران ایک پلازے کے مالک پولیس آفیسر نے عملے کو مبینہ طور دھمکیاں دیں اور دکانداروں کو عملے کیخلاف تشدد پر اکسایا۔عملے نے بھاگ کر اپنی جان بچائی،اطلاع ملتے ہی میونسپل کمیٹی کے خاکروب اور دیگر عملہ بھی بڑی تعداد میں پہنچ گیا اور کوڑا کرکٹ کی ٹریکٹر ٹرالیاں روڈ پر کھڑی کرکے مبینہ دھمکیاں دینے والے پولیس افسر کیخلاف احتجاج کیا۔ تفصیلات کیمطابق میونسپل کمیٹی مظفرگڑھ کے اینٹی انکروچمنٹ عملے نے اسسٹنٹ کمشنر کی قیادت میں جھنگ موڑ پر غیرقانونی تجاوزات کے خلاف آپریشن کی کوشش کی توایک پلازے کے مالک پولیس آفیسر موقع پر پہنچ گئے ۔میونسپل کمیٹی کے عملے کیمطابق پولیس آفیسر نے سرکاری عملے کو مبینہ طور پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور آس پاس موجود دکانوں کے مالکان کو میونسپل کمیٹی کے عملے پر تشدد اور احتجاج پر بھی اکسایا،ہم نے بھاگ کر جانیں بچائیں، اطلاع ملتے ہی درجنوں خاکروب اور دیگر عملہ بھی موقع پر پہنچ گیا اور گند کی ٹریکٹر ٹرالیاں کھڑی کرکے روڈ کو احتجاجاً ٹریفک کے لیے بند کردیا۔مظاہرین عملے کا کہنا تھا کہ وہ دھمکانے والے افسر کی جانب سے قائم کی گئی غیرقانونی تعمیرات مسمار کیے بغیر نہیں جائینگے ۔بعدازاں ڈی پی او نے مذاکرات کرائے اور اتفاق ہوا کہ غیر قانونی تعمیرات ہوئیں تو گرا دی جائیں گی۔