لاغر، بیمار، نیم مردہ، مردہ جانوروں کا گوشت سرعام فروخت
خانیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، نامہ نگار )شہر کے درجنوں مقامات پر لاغر، بیمار، نیم مردہ اور مردہ جانوروں کا مضرِ صحت گوشت کو سرِ عام فروخت، شہری صحت افزا گوشت دستیاب نہ ہونے پر سراپا احتجاج بن گئے۔
ڈپٹی کمشنرخانیوال سے فوری کارروائی کا مطالبہ۔تفصیل کے مطابق قصابوں نے اپنے اپنے علاقوں میں منی سلاٹر ہاؤس کھول رکھے ہیں، جہاں پر وہ جانوروں کو ذبح کرتے وقت جانوروں کے دل کی مین نالی میں پانی کا پائپ لگا کر جانور کے جسم میں پانی پریشر سے بھر دیتے ہیں جس سے گوشت کے وزن میں غیر معمولی اضافہ ہو جاتا ہے ،پانی ملے گوشت کا ذائقہ تبدیل ہو جاتا ہے اور پانی ملا گوشت انسانی صحت کے لئے انتہائی مضرِ صحت بتایا جاتا ہے جس کے استعمال سے شہری خطرناک موذی امراض کا شکار ہورہے ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر خانیوال سے مطالبہ کیا ہے کہ گوشت کے معیار کو بہتر بنانے کے لئے گرینڈ آپریشن کیا جائے اور گوشت کے کاروبار میں بددیانت اور کرپٹ مافیا اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کو کیفرے کردار تک پہنچایا جائے ۔