سموگ:ریڈ الرٹ جاری،ہنگامی اقدامات،گاڑیوں،بھٹوں کیخلاف ایکشن کا حکم
ملتا ن (وقائع نگار خصوصی،خصوصی رپورٹر)سموگ کے تدارک کیلئے کمشنر ملتان ڈویژن مریم خان نے سموگ کنٹرول کیلئے محکموں کو ہنگامی اقدامات کا ٹاسک سونپ دیا۔اس سلسلے میں باقاعدہ مراسلہ جاری کردیا گیا۔
مراسلہ میں واسا کو ترقیاتی سکیموں کی سائٹ پر موجود مٹی ریت پر پانی چھڑکائو ،سموگ تدارک کیلئے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو سڑکوں پر پانی چھڑکائو کی ہدایت کی گئی۔ جبکہ پی ایچ اے پودوں، درختوں، گرین بیلٹس پر پانی کا چھڑکائو اور دھلائی یقینی بنانے کے بھی احکامات دیئے گئے ۔ضلع کونسل، میونسپل کارپوریشن کو اپنی حدود میں سڑکوں پر پانی چھڑکائو کی ہدایت بھی کی گئی۔ کمشنر مریم خان نے کہا کہ سموگ کے تدارک۔کیلئے کوڑے ، فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ انڈسٹریل ایریا سمیت تمام فیکٹریوں کی انسپکشن کی جائے ۔ آلودگی کنٹرول مشینری انسٹال نہ کرنے والی فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کی جائے تمام بھٹہ جات کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جائے ۔زگ زیگ ٹیکنالوجی منتقل نہ ہونے والے بھٹہ جات کو سر بمہر کیا جائے ۔ دوسری جانب کمشنر مریم خان کی ہدایت پر شہر بھر میں پانی کے چھڑکائوکا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ مٹی و دھول کے خاتمے کیلئے صبح شام شاہراہوں اور بازاروں میں چھڑکائو کرنے کے احکامات بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔ سی ای او نے کہا کہ کوڑا کرکٹ کو آگ لگانے والوں کے خلاف بھی سخت قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔