سرکاری دکانوں کی دوبارہ نیلامی پر تاجروں کا شٹر ڈاؤن
لودھراں(سٹی رپورٹر )سرکاری دکانوں کی دوبارہ نیلامی کے خلاف تاجروں نے دکانیں بند کر کے احتجاجی ریلی نکالی۔
، دھرنا دیدیا، معاشی قتل بند کرو کے نعرے ، ریلی و دھرنے میں سینکڑوں تاجروں اور ان کے بچوں کی کثیر تعداد شریک تھی۔صدر مرکزی انجمن تاجران ملک اصغر آرائیں نے کہا کہ لودھراں میں سرکاری دکانوں کی دوبارہ نیلامی کی پالیسی بنائی گئی ہے جس سے 50 سال سے بیٹھے دکانداروں کی حق تلفی کی ہوگی،یہ تاجروں کا معاشی قتل ہے ، غریب تاجروں نے 50ہزار تک ایڈوانس دیکر اپنی جیبوں سے اس وقت دکانیں تعمیر کیں جب کا روبار کرنا انتہائی مشکل تھا، آبادی بہت کم تھی ،نقصانات کر کے اب کاروبار چلے ہیں تو دوبارہ دکانوں کی نیلامی کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے ۔چیئرمین مرکزی انجمن تاجران تاصم مسعود بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ترس کھائیں،معاشی حالات ،کاروباری پریشانیوں کو سمجھے بغیر نیلامی کا فیصلہ ظلم ہے ، دوبارہ اوپن نیلامی سے سرمایہ دار قابض ہوجائیں گے ۔ طاہر بھٹی ،حافظ شیر محمد ،ریاست علی عباسی ودیگر نے کہا کہ 13 نومبر کی نیلامی کا فیصلہ واپس لیں اور انتظامیہ کو فوری نیلامی روکنے کا حکم دیا جائے ورنہ پورے پنجاب میں احتجاج کیا جائے گا۔