کھوئے میں کیمیکل کی ملاوٹ،متعددیونٹس کو جرمانے
ملتان (لیڈی رپورٹر)ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر خوراک میں جعلسازی کرنے والوں کیخلاف کارروائیاں جاری ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کھوئے میں کیمیکل کی ملاوٹ پائے جانے پر موضع اکبر شاہ لڈن میں کھویا یونٹ کیخلاف مقدمہ درج۔ بیکری آئٹمز کی تیاری میں کھلے رنگ، خراب انڈوں کے استعمال پر 2 بیکریوں کو 40 ہزار کے جرمانے کئے گئے ۔ بیکریوں کو الحرم سٹی وہاڑی اور اڈہ دیوان صاحب بوریوالا میں چیک کیا گیا۔ کھوئے کی تیاری میں غیر معیاری اجزاء، ملاوٹی دودھ کے استعمال پر کرم پور روڈ لڈن میں ڈیری یونٹ کو 20 ہزار روپے جرمانہ کردیا گیا۔ اسی طرح 14/9R باٹیاں والا میں کھویا یونٹ کو چیک کیا گیا۔ پام آئل اور پاؤڈر کی ملاوٹ کرکے جعلی کھویا تیار کیا جا رہا تھا۔ جعل سازی کرنے پر کھویا یونٹ مالکان کیخلاف ایف آئی آر درج کروا دی گئی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے کھویا اور آئل کے سیمپل اکٹھے کر کے لیبارٹری بھجوا دیئے ۔ انسپکشن کے دوران مکسنگ مشنری، پاؤڈر کے تھیلے اور گھی برآمد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید کا کہنا تھا کہ کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ اور جعل سازی کرنے والوں سے سختی سے نمٹیں گے ۔