سیف سٹی منصوبہ ڈیڑھ ماہ میں مکمل کرنے کا الٹی میٹم،تکنیکی سروے شروع
ملتا ن(وقائع نگار خصوصی، کرائم رپورٹر)ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلع ملتان میں جرائم کی روک تھام کیلئے ضلعی انتظامیہ و پولیس امن و امان یقینی بنانے عملی اقدامات پر عمل پیرا ہے
اس سلسلے میں سیف سٹی پراجیکٹ کو فوری فعال کرنے کا الٹی میٹم جاری کیا گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سی پی او صادق علی ڈوگر کے ہمراہ سیف سٹی پراجیکٹ کی زیر تعمیر بلڈنگ کا دورہ کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر سیف سٹی پراجیکٹ حکام اور این آر ٹی سی افسروں نے پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ 719 ملین کی لاگت سے سیف سٹی پراجیکٹ کو ڈیڑھ سال میں مکمل کرلیا جائے گا جبکہ شہر میں 50 سے زائد سکیورٹی سرویلنس پول نصب کردیئے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ داخلی و خارجی راستوں سمیت مرکزی شاہراہوں اور چوکوں پر جدید کیمرے نصب ہونگے ۔ اس حوالے سے حکومت پنجاب نے سیف سٹی پراجیکٹ کیلئے 710 ملین روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ میں سیف سٹی بلڈنگ کا گرائونڈ فلور مکمل کرلیا جائے گا۔علاوہ ازیں ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کیلئے اوپن ڈور پالیسی پر عمل پیرا ہے اس سلسلے میں ہر ماہ کے آغاز میں ریونیو عوامی خدمت کچہری کا انعقاد کیا جارہا ہے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز رضا ہال میں ریونیو عوامی خدمت کھلی کچہری میں شہریوں کی شکایات کا ازالہ کرتے ہوئے کیا۔