نشتر ہسپتال میں بیشتر وینٹی لیٹرز،مشینیں خراب،علاج معالجے میں مشکلات
ملتان (لیڈی رپورٹر) نشتر ہسپتال میں بیشتر وینٹی لیٹرز غیر فعال،مشینیں خراب، انتظامیہ کی لا پرواہی کے سبب ہسپتال میں انسانی زندگی بچانے والے بیشتر آلات خراب ہیں جن کو تاحال مرمت نہ کروایا جا سکا ۔۔۔
ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اس وقت نشتر ہسپتال ملتان میں کل 70 وینٹی لیٹرز آؤٹ آف آرڈر ہیں ان میں سے 25کارڈیک مانیٹرز 23بلڈ پریشر آپریٹرز،8سیکشن مشینیں، 11 ای سی جی مشینیں خراب پڑی ہیں جن کو کافی عرصہ سے مرمت کروا کر استعمال میں نہ لایا گیا ہے ۔ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ایمرجنسی وارڈ میں 54 اے سی ہیں جن میں سے 32 اے سی خراب ہیں اور 68 سی سی ٹی وی (کیمرے )خراب ہیں اسی طرح بیشتر بیڈز کے پہیے ٹوٹے پڑے ہیں اور بیشتر سٹریچرز خراب ہیں جن سے مریضوں کو وارڈز میں منتقل کرنے میں شدید قسم کی دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔اس تمام تر صورتحال کی وجہ سے براہ راست پریشانی مریضوں کو اٹھانا پڑ رہی ہے ۔انسانی زندگی بچانے والے آلات کی خرابی کی وجہ سے بھی مریضوں کو علاج معالجہ میں شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس سلسلہ میں مریضوں اور ان کے لواحقین نے وزیر اعلیٰ پنجاب ،صوبائی وزیر صحت پنجاب اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا فوری نوٹس لیں اور نشتر میں خراب آلات کی فوری مرمت کروانے کے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ مریضوں کو سکھ کا سانس مل سکے ۔