شہر میں گندگی کے انبار،ستھرا پنجاب مہم ناکامی سے دوچار،نوٹس کا مطالبہ

ملتان( لیڈی رپورٹر )شہر کی مصروف ترین سڑکوں ،رہائشی کالونیوں اور مارکیٹوں پر مشتمل یونین کونسل 69اور 67کے علاقوں میں گندگی وکوڑاکرکٹ کے انباراور۔۔۔
صحت و صفائی کی ابتر صورتحال پر تاجروں ، مکینوں نے احتجاج کیا ہے اور ضلعی انتظامیہ کو انتباہ کیا گیا ہے کہ اس سنگین صورتحال کافوری نوٹس لیا جائے ، بصورت دیگر ان علاقوں کے تاجرو مکین انتظامی دفاتر،سالڈویسٹ و دیگر متعلقہ محکموں کے افسروں کے دفاتر کا گھیراؤ کرنے پر مجبور ہوں گے ، یہ انتباہ گزشتہ روز ان علاقوں کی مارکیٹوں انجمن تاجران شالیمار ،ملتان پبلک سکول روڈ، آل پاکستان انجمن تاجران شالیمار کالونی ،زکریا ٹاؤن ، شاہ بدر روڈ ، بوسن روڈ اور ملحقہ علاقوں کی تاجر تنظیموں اور مکینوں کے ہنگامی اجلاس میں کیاگیا، جس میں آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی سینئر نائب صدر محمد اختربٹ ، عارف فصیح اللہ، ملک منیرہانس ، عابد اکرم ہانس ، ذیشان ،ملک پیر بخش ہانس، ملک طارق ہانس و دیگر عہدیداروں و تاجروں اور ملحقہ آبادیوں کے درجنوں مکینوں نے شرکت کی ،اجلاس میں کہا گیا کہ ان یونین کونسلوں کے علاقوں ماڈل ٹاؤن ٹی چوک ،سیٹلایٹ ٹائون،گلستان علی،جتوئی سٹریٹ،شان چوک، ماڈل ٹاؤن، شالیمار کالونی،زکریا ٹاؤن، خیرالمعارف روڈ،ملتان پبلک سکول روڈ اور ملحقہ آبادیوں میں گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں،خالی پلاٹ گندگی کے ڈپو کا منظر پیش کررہے ہیں ،مگر صفائی عملہ غائب ہے اور دونوں یونین کونسلوں کے افسر شہری و تجارتی مراکز سے گندگی کے ڈھیر اٹھا کر ٹھکانے لگانے کے بجائے ملبہ ایک دوسرے پر ڈال رہے ہیں ،جس کی وجہ سے ان علاقوں میں گندگی کے ڈھیروں کی وجہ سے تعفن پھیلا ہوا ہے اور ان علاقوں میں رہنا اور کاروبار کرنا دوبھر ہوکر رہ گیا ہے ۔