جامع ہیلتھ ریفارمز پر خصوصی فوکس ، محمد شہباز حسین
کوٹ ادو (تحصیل رپورٹر)وزیر اعلٰی پنجاب کے صحت مند پنجاب ویژن کے تحت جامع ہیلتھ ریفارمز پر خصوصی فوکس ہے ،جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ان کی دہلیز پر بر وقت طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔۔۔
یہ بات سپیشل سیکریٹری محکمہ صحت و آبادی جنوبی پنجاب محمد شہباز حسین نے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو منور عباس بخاری کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس کوٹ ادو میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری شاہد عباس جوئیہ، ڈپٹی سیکرٹری شیخ محمد طاہراور ڈی جی ہیلتھ سروسز جنوبی پنجاب ڈاکٹر سید علی مہدی،چیف ایگزیکٹیو آفیسر ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کوٹ ادو ڈاکٹر ظفر عباس، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوٹ ادو ڈاکٹر مہر کامران اکبرگٹ ،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ تحصیل لیول ہیڈکوارٹر اسپتال چوک سرور شہید ڈاکٹر شاہدفرید فاروقی اوردیگر افسران شریک تھے ،اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی ضلع کوٹ ادو کے مختلف اسپتالوں اور مراکز صحت میں وزیر اعلٰی پنجاب کے صحت مند پنجاب ویژن کے تحت ہونے والی ہیلتھ ریفارمز اور سروس ڈیلیوری کا تفصیلی جائزہ لیا گیا،اجلاس میں ادویات کی دستیابی و فراہمی اور طبی آلات کی فعالیت، انسداد ڈینگی سرگرمیوں،انسداد پولیو بارے مختلف اموراور اقدامات کو زیر غور لایا گیا اور ضلع کوٹ ادو کے تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں ڈائیلاسز کے مریضوں کی بڑھتی تعداد کے پیش نظر ڈائیلاسز مشینوں کی تعداد بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔