غیر قانونی ہائوسنگ سکیموں کے گرد گھیرا تنگ

ملتان(نعمان خان بابر سے )شہر میں دو سو سولہ غیر قانونی ہاؤسنگ کالونی کے گرد گھیرا تنگ ، چھبیس مختلف کالونیاں سیل۔۔
، درجن سے زائد کالونیوں کے کیسز نیب کے سپرد، دو سو سنتالیس کمرشل نقشوں کی منظوری سے محکمے کو ایک ارب چھیانوے کروڑ ساٹھ لاکھ روپے کا ریونیو حاصل ،گزشتہ سال کی نسبت ریونیو میں دس فیصد اضافہ ، گودڑی سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات آپریشن سے اربوں مالیت کی سرکاری زمینیں واگزار کرا لی گئیں ،چونگی نمبر 9 سے رشید آباد تک سڑک کی توسیع کے لئے پرائیویٹ افراد سے زمین کی خریداری کے لئے سروے مکمل ، فنڈز موجود، سڑک کی توسیع کا کام جلد شروع کر دیں گے جبکہ میٹرو کنٹرول اینڈ کمانڈ روم کا منصوبہ مکمل کرنے کے لئے حکومت سے چھبیس کروڑ روپے کا فنڈ بھی موصول ہوچکا، ملتان کا ماسٹر پلان بھی تیار ، اربوں کے منصوبے مکمل ہونے اور ماسٹر پلان پر عمل درآمد سے تاریخی شہر کا نقشہ بدل جائے گا جس سے جنوبی پنجاب میں ترقی کے نئے سفر سے لاکھوں شہری مستفید ہوں گے ۔سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب و ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم خان کی روز نامہ دنیا سے گفتگو تفصیل کے مطابق ملتان میں غیر قانونی ہاؤسنگ کالونیوں کو سیل کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا ہے اور اسی سلسلے میں کروڑوں روپے کا جرمانہ لگا کر 26مختلف کالونیوں کو سیل بھی کیا گیا ہے جبکہ 247 کمرشل نقشوں کی منظوری سے ایک ارب 96 کروڑ 60 لاکھ روپے کا ریونیو جمع کیا گیا ہے اور اسی طرح سے تجاوزات آپریشن سے اربوں مالیت کی زمین بھی واگزار کرا لی گئی ہے اس حوالے سے سپیشل سیکرٹری ہاؤسنگ جنوبی پنجاب و ڈی جی ایم ڈی اے رانا سلیم جان نے روزنامہ دنیا کو بتایا کہ موجودہ صورتحال میں گزشتہ سال کی نسبت دس فیصد ریونیو زیادہ جمع کیا گیا ہے جبکہ اربوں ما لیت کی مختلف سکیموں پر بھی کام جاری ہے اور جلد ہی چونگی نمبر نو سے رشید آباد روڈ کی توسیع کا کام بھی شروع کر دیں گے رانا سلیم نے کہا کہ ملتان کا ماسٹر پلان بنا لیا ہے جس پر عمل درآمد ہونے سے شہر کا نقشہ بدل جائے گا جس سے جنوبی پنجاب کا ہب ملتان مزید ترقی کرے گا انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے میٹرو کنٹرول اینڈ کمانڈ روم کا کام مکمل کرنے کیلئے چھبیس کروڑ روپے کا فنڈ فراہم کر دیا ہے جس سے جلد منصوبے کو فعال کرنے میں مدد ملے گی اور جون کے اخر تک باقی ادھوری سکیموں کو بھی ہر صورت مکمل کر لیں گے ۔