دہشتگردوں کیخلاف فیصلہ کن کارروائی کی جائے :سلیم الیاس
میاں چنوں (تحصیل رپورٹر) بلوچستان میں پنجابیوں کی ٹارگٹ کلنگ پر پنجابی آرگنائزیشن کی جانب سے میاں چنوں میں ہنگامی پریس کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
مرکزی صدر سلیم الیاس اور معروف قانون دان ندیم پنجابی ایڈووکیٹ نے کہا کہ 9 پنجابیوں کو شناخت کے بعد قتل کیا گیا، جو نہایت افسوسناک اور ناقابلِ قبول ہے ۔رہنماؤں نے کہا کہ یہ سلسلہ برسوں سے جاری ہے ، ہزاروں بے گناہ پنجابی دہشتگردی کا نشانہ بن چکے ہیں۔ پنجابی قوم نے ہمیشہ ملک کے اتحاد و سلامتی کیلئے قربانیاں دی ہیں، لیکن اس حب الوطنی کو کمزوری نہ سمجھا جائے ۔انہوں نے حکومت، افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کے خلاف فوری اور فیصلہ کن کارروائی کی جائے ۔ بصورت دیگر ایسے واقعات ملکی سلامتی کو خطرے میں ڈال سکتے ہیں۔