کنٹریکٹ ملازمین کا لَمپ سم پے پیکیج پر منتقلی پر شدید رد عمل

کنٹریکٹ ملازمین کا لَمپ سم پے پیکیج پر منتقلی پر شدید رد عمل

مستقل روزگارسے محروم ہونے کا خدشہ ،احتجاج، قلم چھوڑ ہڑتال کی دھمکی

ملتان (خصوصی رپورٹر)حکومتِ پنجاب کے محکمہ سکول ایجوکیشن کی جانب سے کنٹریکٹ ملازمین کو بیسک پے اسکیل سے لَمپ سم پے پیکیج پر منتقل کرنے کے فیصلے سے تعلیمی شعبے میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ،سکول گارڈز اور دیگر کنٹریکٹ ملازمین نے اس فیصلے کو ملازمین دشمن قرار دیتے ہوئے سخت ردِعمل کا اظہار کیا ہے ۔ملازمین کا کہنا ہے کہ بی پی ایس نظام کے تحت انہیں سروس سٹرکچر، سالانہ انکریمنٹ، میڈیکل سہولیات، پنشن اور جاب سیکیورٹی جیسی بنیادی مراعات حاصل تھیں، تاہم لَمپ سم پے پیکیج میں ان تمام حقوق کو یکسر نظر انداز کر دیا گیا ہے ۔ ملازمین کے مطابق یہ فیصلہ ہزاروں کنٹریکٹ ملازمین کو مستقل روزگار کی امید سے محروم کرنے کے مترادف ہے۔

 ،تنظیموں کے نمائندوں نے الزام عائد کیا ہے کہ حکومت نے مالی بوجھ کم کرنے کے نام پر کمزور طبقے کو نشانہ بنایا ہے جبکہ نوٹیفکیشن میں لَمپ سم تنخواہ، مدتِ ملازمت اور مراعات سے متعلق کوئی واضح تفصیل شامل نہیں کی گئیں۔متاثرہ ملازمین نے مطالبہ کیا ہے کہ نوٹیفکیشن فوری طور پر واپس لیا جائے یا کم از کم بی پی ایس کے مساوی تنخواہ، الاؤنسز اور سروس پروٹیکشن تحریری طور پر دی جائے اگر مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو وہ صوبہ بھر میں احتجاج، قلم چھوڑ ہڑتال اور عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں