این اے 130: نواز شریف کی کامیابی درست قرار، یاسمین راشد کی درخواست خارج

لاہور: (دنیا نیوز) الیکشن کمیشن نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کا نوٹیفکیشن درست قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست خارج کر دی۔

ذرائع کے مطابق یاسمین راشد کی جانب سے نواز شریف کی کامیابی کو چیلنج کیا گیا تھا، جس پر الیکشن ٹریبونل کے جج رانا زاہد محمود نے فیصلہ سنایا۔

فیصلے میں ڈاکٹر یاسمین راشد کی درخواست کو تکنیکی بنیادوں پر خارج کرتے ہوئے این اے 130 سے نواز شریف کی کامیابی کے نوٹیفکیشن کو برقرار رکھا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ برس فروری میں ہونے والے عام انتخابات میں لاہور کے حلقہ این اے 130 سے نواز شریف نے 1 لاکھ 71 ہزار 24 ووٹ حاصل کر کے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ آزاد امیدوار کے طور پر انتخابی میدان میں اترنے والی یاسمین راشد نے 1 لاکھ 15 ہزار 43 ووٹ حاصل کیے تھے، بعد ازاں ڈاکٹر یاسمین راشد نے انتخابی نتائج کو چیلنج کیا تھا جسے الیکشن ٹریبونل نے مسترد کر دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں