عالمی چیمپئن باکسر انتھونی جوشوا کار حادثے میں زخمی

ابوجا: (ویب ڈیسک) نائجیریا کے اوگون–لاگوس ایکسپریس وے پر پیش آنے والے ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں برطانوی ہیوی ویٹ باکسر انتھونی جوشوا(Anthony Joshua) زخمی ہو گئے۔

نائجیریا کی پولیس نے تصدیق کی ہے کہ انتھونی جوشوا کو حادثے کے بعد فوری طور پر طبی امداد کے لیے ایک نامعلوم ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا معائنہ کیا گیا، حکام کے مطابق جوشوا کو معمولی نوعیت کی چوٹیں آئی ہیں اور وہ مکمل طور پر ہوش میں ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے طور پر انہیں اسپتال لے جایا گیا تاکہ مکمل طبی جانچ ممکن بنائی جا سکے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب اوگون–لاگوس ایکسپریس وے پر ایک گاڑی بے قابو ہو کر دیگر گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔ واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ جاں بحق افراد کی لاشیں ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئیں جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

انتھونی جوشوا کے قریبی ذرائع کے مطابق باکسر کی حالت تسلی بخش ہے اور ڈاکٹروں کی نگرانی میں ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ جوشوا جلد ہی اسپتال سے ڈسچارج ہو سکتے ہیں، واقعے کے بعد شائقین اور کھیلوں کی دنیا سے وابستہ شخصیات کی جانب سے جوشوا کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا سلسلہ جاری ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں