راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ میں توسیع کردی گئی

راولپنڈی: (دنیا نیوز) راولپنڈی میں دفعہ 144 کے نفاذ میں یکم جنوری تک توسیع کردی گئی، عوامی اجتماعات، دھرنوں، سیاسی جلسے، ریلیوں پر مکمل پابندی ہوگی۔

ڈپٹی کمشنر آفس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ راولپنڈی میں دفعہ 144 پچیس دسمبر سے نافذ تھی، ڈسٹرکٹ انٹیلی جنس کمیٹی کی سفارش پر ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے دفعہ 144 کے نفاذ میں یکم جنوری تک توسیع کردی ہے جس کا مقصد ضلع بھر میں امن و امان قائم رکھنا اور کسی بھی ہنگامہ آرائی کو روکنے کا پیشگی اقدام ہے۔

یکم جنوری تک دفعہ 144 نفاذ کے تحت سیاسی اجتماعات، ریلیوں، جلسے جلوسوں پر مکمل پابندی ہوگی، موٹرسائیکل کی ڈبل سواری، اسلحہ کی نمائش اورلاوڈ اسپیکر کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یکم جنوری کو امن و امان کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید توسیع یا دفعہ 144 خاتمے کا فیصلہ کیا جائےگا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں